منڈیا،4؍نومبر(ایس او نیوز)ریزرویشن کے معاملے کولے کر پچھلے کئی مہینوں سے زیرالتواپڑے منڈیاسٹی منسپل کونسل کے صدر ونائب صدر کے انتخابات گزشتہ روز منعقد ہوئے۔صدر کی حیثیت سے جے ڈی ایس کے ایچ ایس منجو اور نائب صدر کے طورپر عشرت فاطمہ کو بلامقابلہ منتخب کرلیاگیا۔صدر کے عہدے کیلئے وارڈ نمبر 20کے جے ڈی ایس کونسلر ایچ ایس منجو اور نائب صدر کیلئے وارڈ نمبر13کی کونسلر عشرت فاطمہ نے پرچہ نامزدگی داخل کیاتھا۔اسی طرح کانگریس امیدوار کے طور پر وارڈ نمبر 10کے کونسلر شیوپرکاش اور وارڈ نمبر 5کے کونسلر نعیم نے پرچہ نامزدگی داخل کیاتھا۔مگر آخری لمحوں میں کانگریس امیدواروں کی طرف سے پرچہ نامزدگی واپس لے لئے جانے کی وجہ سے الیکشن آفیسر اسسٹنٹ کمشنر اسنیہانے منجو اور عشرت فاطمہ کوبلامقابلہ صدر ونائب صدر منتخب قرار دے دیا۔سٹی منسپل کونسل کے جملہ 35کونسلروں میں سے 18جے ڈی ایس،10کانگریس،2بی جے پی اور 5آزاد کونسلر شامل ہیں۔نومنتخب صدر ونائب صدر کو رکن اسمبلی ایم سرینواس نے مبارکباد پیش کی۔